تیل قیمتوں میں اضافہ،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کاہنگامی اجلاس

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت سید ارشاد حسین شاہ بخاری منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری سید محمود آفریدی، سینئر نائب صدر حاجی تواب خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد الیاس، کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر فاروق احمداور دیگر رہنمائوں اور ممبران نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ ڈیزل پیٹرول کی بے تحاشا بڑھائی گئی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پہلے ہی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول بم گرادیا۔ ہم وفاقی حکومت اور خصوصاً وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈیزل پیٹرول کی حکومت میں اضافہ واپس کیا جائے۔ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام الناس کا جینا حرام کردیا۔ اسپیئر پارٹس، ٹائر ٹیوب اور آئل کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ ان حالات میں ٹرانسپورٹ چلانا انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔ ہم وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ بڑھائی گئی قیمتیں واپس لیں۔ بصورت دیگر گاڑیاں خود بخود کھڑی ہوجائیں گی۔