بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ

572

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کریں اور صوبہ سندھ میں بالعموم اور کراچی میں بالخصوص فوری بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یہ درخواست بھی کی ہے کہ جماعت اسلامی الیکشن کمیشن میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جاری کارروائی کا حصہ بن کر اپنا موقف بھی پیش کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے اپنے مراسلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کی رو سے الیکشن کمیشن اس بات کا پابند ہے کہ بروقت بلدیاتی انتخابات کا اہتمام کرے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا اختیار بھی حاصل ہے۔ بلدیاتی انتخابات کا فوری انعقاد کراچی سمیت پورے ملک کی ضرورت ہے، اس لیے شہروں اور قصبات کا بلدیاتی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے۔ ہر شہر کے باشندوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ وہ اپنے شہر کے بلدیاتی اور شہری امور کے لیے کس سے رجوع کریں گے۔ بڑی سیاسی جماعتوں نے صوبائی خود مختاری کے تحت اختیارات کا ارتکاز صوبوں میں کر لیا ہے۔ اس اعتبار سے صوبہ سندھ کی حکومت سب سے زیادہ نااہل ثابت ہوئی ہے۔ کراچی کے شہری اور بلدیاتی ڈھانچے کی تباہی قومی مسئلہ بن چکا ہے۔ گزشتہ بلدیاتی انتخابات بھی عدالت عظمیٰ کے حکم پر ہوئے تھے ورنہ سیاسی حکومتیں تو بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار نہیں۔ کراچی کے بحران کا تقاضا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے ذیعے ذمے داروں کا تعین کیا جائے جن سے اہل شہر رجوع کرسکیں۔