پاک بحریہ کی بروقت کارروائی،بھارتی آبدوز کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

213

اسلام آباد (صباح نیوز) پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا اور واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ 16 اکتوبر کو بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود کے قریب موجود تھی اور پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی تاہم پاک بحریہ کے طیارے نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی حدود سے بین الاقوامی سمندر میں دھکیل دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحری آبدوز کا وقت سے پہلے سراغ لگایا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ دنیا جان لے کہ جارحانہ عزائم کے خلاف ہر پاکستانی اپنے دشمن کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ انہوںنے بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا۔