طالبان چاہتے ہیں کہ دنیا انہیں تسلیم کرے تو پہلے وعدے پورے کریں،روس

275

ماسکو/واشنگٹن/کابل(خبرایجنسیاں) روس نے واضح کیا ہے کہ اگر طالبان اپنی حکومت کو دنیا سے تسلیم کرانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنے وعدے پورے کریں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف نے بتایاکہ ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان نے چین اور پاکستان سمیت شرکاء کو انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے اور گورننس کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوںنے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات کو ترک کرکے افغان عوام کی مدد کے لیے متحد ہو جائیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں پیدا ہونے والی نئی صورت حال کے پیش نظر ماسکو میں روس، امریکا، افغانستان، پاکستان اور چین کے حکام کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا تاہم امریکا نے اس اہم میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔دوسری جانب امریکا نے کہاہے کہ طالبان کو افغان مرکزی بینک کے ذخائر تک رسائی حاصل نہیں ہوگی ۔امریکی نائب وزیر خزانہ کے مطابق طالبان کے خلاف امریکی پابندیوں کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاہم افغان عوام کو جائز طریقے سے انسانی امداد کو پہنچانے کے راستے بھی تلاش کرنے ہیں۔ادھر امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے ایک تقریب میں خودکش بمبار کے لواحقین میں مالی امداد تقسیم کی اور فی خاندان ایک گھر بھی دینے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں افغانستان کے صوبہ بامیان میں بھی لڑکیوں کے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں جبکہ 5 شمالی صوبوں میں پہلے ہی سے لڑکیوں کے تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں۔