اسحق ڈار نے لندن میں اے آروائی سے مقدمہ جیت لیا

371

لندن/ لاہور/ اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر محمداسحاق ڈار نے برطانیہ میں نیو ویژن ٹیلی ویژن کے نام سے کام کرنے والے نشریاتی ادارے اے آر وائی کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں دائر کردہ ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ اسحاق ڈار نے برطانیہ اور یورپ میں اپنی کمپنی کے نام نیو ویژن ٹیلی ویژن کے نام سے کام کرنے والے نشریاتی ادارے اے آر وائی کے اینکر چودھری غلام حسین اور صابر شاکر کی جانب سے ارشد شریف کے8 جولائی 2019ء کے پروگرام اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی جانب سے 8 اگست 2019ء کو پاور پلے میں لگائے جانے والے الزامات پر 200,000 پائونڈ ہرجانے، معافی مانگنے اور قانونی اخراجات کی ادائیگی کے لیے لندن ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ اے آر وائی کے اینکر اور شہزاد اکبر نے اسحاق ڈار پر منی لانڈرنگ، کرپشن، مالیاتی مانیٹرنگ یونٹ پر غیر ضروری کنٹرول اور قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام عاید کیا تھا۔ اسحاق ڈار سے معافی مانگتے ہوئے اے آر وائی یوکے نے کہا کہ وہ تسلیم کرتا ہے کہ اس نے اسحاق ڈار کے خلاف غلط الزام عاید کیے تھے۔ چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگتے ہوئے تمام الزامات کوبے بنیاداور من گھڑت تسلیم کرتے ہوئے انہیں واپس لینے اور ہرجانہ اور عدالتی خرچ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپنی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ انصاف کا بول بالا ہوا ہے، میں کبھی کرپشن یا کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہا۔