پاکستان قانون کی بدترین حکمرانی والے ممالک میں شامل

380

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان قانون کی حکمرانی کے لحاظ سے سب سے کم درجہ اور بدترین ممالک میں شامل ہوگیا۔ ورلڈ جسٹس پروجیکٹ رول آف لا انڈیکس2021ء میں پاکستان139 ممالک میں سے130 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا انڈیکس میں اسکور0.39 رہا، جبکہ انڈیکس میں رینکنگ صفر سے ایک کے درمیان کی جاتی ہے۔ ایک رینکنگ قانون کی حکمرانی کی مضبوطی کی نشاندہی کرتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں بھی پاکستان بدترین کارکردگی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔ نیپال، سری لنکا، بھارت، بنگلا دیش سب نے قانون کی حکمرانی کے زمرے میں پاکستان سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ خطے میں صرف افغانستان پاکستان سے نیچے ہے۔ رپورٹ میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستان کرپشن، بنیادی حقوق، آرڈر‘ سیکورٹی اور ریگولیٹری نفاذ کے شعبوں میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ ان شعبوں میں پاکستان خطے میں دوسرا بدترین ملک ہے۔ فوجداری انصاف کے نظام، سول انصاف، آزاد حکومت اور حکومتی اختیارات پر رکاوٹوں کے شعبے میں پاکستان کل6 علاقائی ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔ عالمی سطح پر،139 ممالک میں سے پاکستان آرڈر اور سیکورٹی کے حوالے سے3 بدترین ممالک میں شامل ہے۔ سول جسٹس، ریگولیٹری نفاذ، بنیادی حقوق اور کرپشن میں پاکستان بالترتیب124 ویں،123 ویں،126 ویں اور123 ویں پوزیشن پر کھڑا ہے۔