پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی

110

کراچی: ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ ستمبر میں 1.13 ارب ڈالر رہا، جو اگست 2021 میں 1.47 ارب ڈالر تھا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پہلی سہ ماہی میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 3.4 ارب ڈالر رہا۔ درآمدی بل میں اضافہ بڑھتی ہوئی اشیا و توانائی کی قیمتوں کی وجہ سے ہوا۔ ستمبر 2021 میں پاکستان نے 40 کروڑ امریکی ڈالر ویکسین کی خریداری میں خرچ کیے۔ جبکہ گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں 1 ارب ڈالر کی ویکسین خریدی گئی۔

ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں 7 ارب ڈالر کی برآمدات رہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر برآمدات 31 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ خدمات کی برآمدات 6 سے 7 ارب ڈالر کی ہوں گی۔ رواں مالی سال کے آخر تک 32 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ہوں گی۔ مجموعی طور پر ترسیلات زر، اشیا و خدمات کی برآمدات 70 ارب ڈالر کی ہوں گی۔ رواں مالی کی دوسری ششماہی میں چینی، گندم، کپاس کی درآمد کم ہوں گی۔