سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں، جسٹس گلزار احمد

262

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے کی سماعت پر عملدرآمد کیس میں درخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین  کے وکیل نے بتایا کہ آج امیدواران کے انٹرویو کئے جا رہے ہیں۔

عدالت نے دو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی، اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اصل مسئلہ یہ ہے اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نئے رولز نہیں بنا سکتی۔

واضح رہے  سپریم کورٹ میں ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کےعمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے، سپریم کورٹ نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیتے ہوئے اس کام کیلئے پہلے دیے گئے اشتہار کے تحت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔