احد چیمہ نے بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف مانگ لیا

309

لاہور: سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف مانگ لیا۔

سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی تو نیب نے موقف اپنایا کہ احد چیمہ نے اندرون وبیرون ملک اربوں روپے کے اثاثے بنائے عدالت میں اب تک 21 گواہ اپنا بیان قلمبند کرا چکے ہیں۔

عدالت نے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت احد چیمہ نے بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف مانگ لیا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو آمدن سے زاید اثاثوں کے ریفرنس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے  اور10،10 لاکھ کے 2 مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے احد چیمہ کی آمدن سے زاید اثاثوں کے ریفرنس میں ضمانت منظور کی۔