امریکا نے طویل عرصے بعد پاکستان کیلئے اپنا سفیر نامزد کردیا

451

اسلام آباد: امریکا نے طویل عرصے بعد پاکستان کیلئے اپنا سفیر نامزد کردیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈونلڈ آرمن بلوم کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈونلڈ آرمن بلوم کو پاکستان کے لیے سفیر نامزد کیا گیا ہے، تاہم پاکستان میں سفیر تعیناتی کے لیے سینیٹ کی منظوری باقی ہے۔ ڈونلڈ بلوم اس وقت تیونس میں امریکا کے سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈونلڈ بلوم خطے میں سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ امریکی وزٍارت خارجہ میں عرب ممالک کے حوالے سے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، ڈونلڈ بلوم مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی قونصل جنرل، امریکی سفارت خانے کابل میں قونصلر برائے سیاسی امور اور لیبیا میں بھی امریکہ کے ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، پاکستان کیلئے نامزد سفیر بغداد میں بھی ملٹی نیشل فورس سیل کے سیاسی قونصلر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ طویل عرصے سے پاکستان میں امریکا کا سفیر موجود نہیں تھا اور امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر ہی پاکستان میں امریکا کی نمائندگی کرتی ہیں۔