یوم ولادت رسول اکرمﷺ کے موقع پر ملک بھر میں آج جلوس نکالے جارہے ہیں

239

ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں آج جشن میلادالنبیؐ کے جلوس نکالے جارہے ہیں اورسیکیورٹی کے پیش نظر مختلف شہروں میں سخت سیکیورٹی کے ساتھ موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے جبکہ سندھ بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم ولادت رسولؐ کے موقع پردعوت اسلامی کا جلوس شہید مسجد کھارادر سے دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا جبکہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد ڈولی کھاتہ پر ختم ہوگا۔

دوسرا جلوس میمن مسجد ایم اے جناح روڈ سے آرام باغ مسجد تک جائے گا جبکہ تین بجے تیسرا جلوس میمن مسجد سے نشتر پارک جائے گا جہاں بعد نماز عصر جلسہ منعقد ہو گا۔

خیال رہےآج عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں کراچی،   لاہور،   اسلام آباد،   پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد کئے جائیں گے اور درود وسلام کی محفلیں ہوں گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی  12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس بوقت 10 بجے جامع مسجد روڈ سے نکالا گیا، جلوس شہر کے مختلف راستوں پل شاہ نذر، بنی چوک، مری روڈ کمیٹی چوک پہنچے گا جبکہ جلوس لیاقت روڈ، فوارہ چوک، ڈنگی کھوئی سے ہوتا ہوا واپس مرکزی کیمپ پر اختتام پذیر ہوگا۔

واضح رہے جلوسوں کے روٹ پر موبائل کی سروس مکمل طور پر معطل ہے،  بڑے چھوٹے شہروں میں جلوسوں کےروٹ پر بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کےلیے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا  جارہا ہے۔