ملک بھر میں آج جشن میلاد النبی ﷺ پوری عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

456

اسلام آباد: ملک بھر میں آج جشن میلاد النبی ﷺ 12 ربیع الاول پوری عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہےجبکہ ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جشن میلادالنبی ﷺ  کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دن کے آغاز پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ جشن عید میلاد النبیﷺ پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا جبکہ آج عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں کراچی،  لاہور،  اسلام آباد،  پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد کئے جائیں گے اور درود وسلام کی محفلیں ہوں گی۔

خیال رہے کراچی میں عید میلادالنبیؐ کا مرکزی جلوس 3بجے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک کیلئے روانہ ہوگا اور بعد نماز عصر نشتر پارک میں جلسہ ہو گا۔

یاد رہے گزشتہ رات سے ہی  ملک بھر میں سرکاری عمارتوں اور مساجد پر چراغاں کیاجارہا ہے اور درود و سلام کی مختلف محفلیں بھی جاری ہیں۔

واضح رہے کراچی میں جلوس کے حوالے سے ٹریفک پولیس نے پلان جاری کردیا ہے اور جلوس  کے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے اور سندھ پولیس و رینجرز نے اضافی نفری بھی تعینات کردی ہے۔