عوام فاقوں سے مرے، حکمران ریاست مدینہ کی بات کریں، مریم نواز

206

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم صفدر نے کہا ہے کہ جس ملک میں عوام فاقوں سے مر رہی ہوں اوروالدین مہنگائی سے تنگ آ کر بچوں کو زہر پلا کر خود کشیاں کر رہے ہوں،ایسے میں ملک کے حکمران ریاست مدینہ کی بات کر رہے ہیں۔

مریم صفدر نےعمران خان کانام لیے بغیر کہا کہ کوئی اس جعلی اور خدا کے خوف سے عاری حکمران کو حضرت عمرِ فاروق کا قول یاد کرائے کہ دریا کے کنارے کوئی کتا بھی بھوکا رہ جائے تو جواب دہ عمر ہو گا!عمرِ فاروق رضی اللّہ تعالی عنہ نے اپنےایک کُرتے اور چادر تک کا حساب دیا اور آپ توشہ خانہ ہضم کر گئے؟ اور ڈھٹائی سے کہا نہیں دونگا جواب؟

ن لیگ کی نائب صدر کاکہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر سے ایک دربار سے دوسرے دربار تک سرکاری خرچ پر سفر کرنے والے کو کیا خبر کہ پاکستان کی عوام پر کیا قیامت گزر رہی ہے؟جسکےکتے بھی اعلیٰ قسم کے گوشت پر پلتے ہوں اسے ریاست مدینہ کا نام زبان پر لاتے ہوئے ہزار بار سوچنا چاہیےلیکن اس سوچ کے لیے بھی دل میں درد ہونا چاہیے،بغض نہیں۔