سول ایوی ایشن کا بلااجازت پروازیں منسوخ کرنے پر ایکشن

327

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں کی اچانک منسوخی کا نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے سمیت دیگر 3 اور ایئرلائنز کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور ان سے اچانک منسوخی کی وجوہات طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم سے 18اکتوبر تک 1145 میں سے 383 پروازیں منسوخ ہوئیں جس میں سے قومی ائیرلائن کی جانب سے 417 میں سے 130 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پروازوں کی منسوخی پر مسافروں کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات سامنے آئیں ہیں اور سول ایوی ایشن نے ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر اندرون ملک جانے والی پروازوں کی اچانک منسوخی ‏کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

سی اے اے نے پروازوں کی منسوخی سے متعلق ضابطہ اخلاق کی وضاحت بھی کی ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے  مطابق انٹرنیشنل اور چارٹرڈ پروازوں کی اجازت مانگنے سے قبل ایئرلائن آپریٹرز متعلقہ دفتر کو حلف نامہ پیش کریں گے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ شیڈول اندرون ملک پروازیں باقاعدگی اور پابندی وقت کے ساتھ بالترتیب 90 اور 80 فیصد کے ساتھ چلائی جائیں، تکنیکی وجوہات یا مجبوری کی صورت میں اندرون ملک پروازوں کی منسوخی کی اجازت سی اےاے سے طلب کی جائے گی۔

سی اے اے کی جانب سے کمپنیز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ایئرلائن آپریٹرز عوام کو سفری سہولت فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

خیال رہےقومی ائیرلائن کی جانب سے 417 میں 130 شیڈول پروازیں  منسوخ کی گئیں، اسی طرح سے سرین ایئرلائنز نے 117،  ایئربلیوز نے  86  اور  ایئر سیال نے 50 پروازیں منسوخ کیں ہیں۔