حیدرآباد شہر لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے،ہیومن رائٹس

246

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہیومن رائٹس ڈیفنڈر نیٹ ورک کے ممبر اور معروف سیاسی و سماجی رہنما لالہ عبد الحلیم شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حیدرآباد شہر سمیت پورا صوبہ لا قانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ ایک طرف دن دہاڑے ڈاکے، ڈکیتیاں اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوچکا ہے مگر محال ہے کہ انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو، جبکہ دوسری جانب پولیس جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام بدحال ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں، حکمرانوں کی کارکردگی اخبارات اور دیگر اشتہاری مہمات تک محدود ہوکر رہ گئی ہے، عوام کے جان و مال کو کسی قسم کا کوئی تحفظ حاصل نہیں، صوبے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے_ لالہ عبد الحلیم نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد دندناتے پھر رہے ہیں مگر قانون ان کو گرفت میں لانے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے تاریخ میں اس سے زیادہ ناکام حکومت نہیں دیکھی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ تبدیلی کے دعویداروں سے جان چھڑانے کا وقت آن پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ جھولیاں بھر بھر کر تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے آج جھولیاں اٹھا اٹھا کر انہیں بددعائیں دے رہے ہیں، تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے والے بھی اس کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔
ڈی آئی جی شرجیل کھرل کا شہر بھر کا دورہ
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جشن میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ڈی آئی جی حیدرآباد رینج شرجیل کھرل اور ایس ایس پی حیدرآباد ساجد امیر سدوزئی کا کمشنر حیدرآباد عباس بلوچ ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کے ہمراہ شہر کا دورہ ، ربیع الاول کے جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ منتظمین جلوس سے ملاقات کے دوران جلوس کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی۔