ضلع قنبر شہداد کوٹ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ،1738 اہلکار تعینات

238

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ کی سربراہی میں پولیس نے جشن میلادالنبیﷺ کیلیے امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1738 پولیس افسران وجوانوں کو تعینات کرکے فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔اس سلسلے میں ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ ڈاکٹر سمیر نور چنا نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ میلادالنبی ﷺ کے جلسہ وجلوسوں کی سیکورٹی کیلیے پولیس افسران واہلکاران کے ساتھ رینجرز کے جوانوں کوبھی ڈیوٹی تفویض کی گئی ہے جو اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے جبکہ جلسہ جلوسوں کے روٹس پر پولیس پکٹس اور گشت میں بھی اضافہ کردیاگیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ضلع کے داخلی وخارجی راستوں پر اسنپ چیکنگ کاعمل بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے سندھ وبلوچستان کے بارڈر پر ہر آنے و جانے والی گاڑیوں کی سرچنگ اور افراد کی تفتیش سی آر آئی سسٹم کے تحت کی جارہی ہے جبکہ گاڑیوں کے کاغذات ، ان کے کوائف اور مالکان کی چیکنگ کا عمل جبکہ مشکوک افراد کا کرمنل ریکارڈ مینجمنٹ سافٹ کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے تحت جاری ہے ۔انہوںنے بتایاکہ جلسے وجلوسوں کی اسنپنگ کیلیے اسپیشل برانچ کا عملہ بھی تعینات ہوگا جلسے وجلوسوں کی نگرانی کیلیے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاربھی تعینات کردیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضلع کے اہم چوراہوں اور جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جس کی صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کرنے ، جائزہ لینے اور گڑ بڑ کی بروقت اطلاع کیلیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیاگیا ہے جس سے شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے اور مشکوک نقل وحرکت کی صورت میں فوری رابطہ قائم کرسکتے ہیں ۔ایس ایس پی قنبر ڈاکٹر سمیر نور چنا نے تمام مکتب فکر کے علماکرام پر زور دیاکہ وہ جلسے وجلوسوں کیلیے وقت کی پابندی لازمی کریں، اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں،ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں شرپسندوں پر کڑی نظر رکھنے اور امن وامان کی فضا کو ہر صورت میں قائم رکھنے کیلیے پولیس کے ساتھ رابطے میں رہیں۔