سوشل میڈیا پر بے بنیاد سنگین الزمات عائد کیے گئے، دھنی بخش

213

دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے افسران کیخلاف سوشل میڈیا پر نامعلوم خواتین کو جنسی ہراساں کرنے اور اکاؤنٹ سے تیس لاکھ روپے نکالنے والے الزامات کی آڈیو وائرل ہونے کے معاملے کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسر ون دھنی بخش جہیجو نے مسترد کرکے معاملے کو بلیک میلنگ قرار دے دیا، ایڈیشنل اکاؤنٹس افسر دھنی بخش جہیجو نے اپنے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت دفتر کے دیگر افسران کیخلاف ایک نام نہاد سوشل میڈیا پیج چلانے والے شخص قادر چانڈیو نے ایک نامعلوم خاتون کی آڈیو وائرل کی، جس میں ہم پر بے بنیاد سنگین الزمات عائد کیے گئے ہیں، جن میں کوئی صداقت نہیں ہے، نہ خاتون کا نام ظاہر کیا گیا ہے، نہ ہی ان کی کوئی شناخت ظاہر کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے اپنے دفتر میں گزشتہ پانچ سال کا ریکارڈ چیک کیا ہے جس میں کسی خاتون ٹیچر کے تیس لاکھ نہیں نکلے ہیں، میں الزام لگانے والوں کو کہتا ہوں اگر خاتون سے کوئی مسئلہ ہے تو ہمارے پاس آئیں یا عدالتیں، قانونی ادارے، بار کونسل، پریس کلب ہیں ان کے پاس جائیں جس سے معاملہ واضح تو ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی خاتون کے اکاؤنٹ سے نہ رقم نکلی ہے، نہ ہی کسی کو ہراساں کرنے کا واقعہ ہوا ہے، ہم پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں، سوشل میڈیا پر ہمارے خلاف مہم صرف ہمیں بلیک میلنگ کرنے کے لیے کی جارہی ہے، جھوٹا پروپیگنڈا کرکے ہماری عزت مجروح کرنے والے سوشل ورکر کیخلاف قانونی کارروائی کے لیے اداروں کو لکھیں گے۔