لاڑکانہ ،سیاسی بھرتیوں کیخلاف ایریگیشن کمپلیکس کے احاطے میں احتجاج

239

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) الشہبار ایریگیشن ٹریڈ یونین فیڈریشن کی جانب سے گریڈ ایک تا چار کی بھرتیوں میں فوت اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو نظرانداز کرکے مبینہ طور پر ممکنہ طور پر کی جانے والی سیاسی بھرتیوں کے خلاف ایریگیشن کمپلیکس کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جہاں ملازمین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر سینئر صوبائی نائب صدر عبدالطیف کوسہ، ماجد علی، شعبان گاڈہی و دیگر کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب عام عوام فاقہ کشی پر مجبور ہے جبکہ لاکھوں بیروزگار نوجوانوں نے محکمہ آبپاسی میں ملازمتوں کے لیے درخواست دیں لیکن اب ملازمتیں بااثر سیاسی افراد کے بنگلوں پر دی جارہی ہیں جبکہ حقدار کو اس کے جائز حق سے محروم کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آر بی او ڈی کے سیکڑوں ملازمین پہلے ہی 6 ماہ کی تنخواہوں سے محروم اور دربدر کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں اب سیاسی بنیادوں پربھرتیاں کرکے ریٹائرڈ اور فوتی ملازمین کے بچوں کو ملازمتوں میں نظراندز کیا جا رہا ہے، ملازمین نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ و دیگر سے مطالبہ کیا کہ گریڈ ایک تا چار کی ملازمتیں میرٹ کی بنیاد پر ریٹائرڈ اور فوتی ملازمین سمیت اہل نوجوانوں کو دے کر پریشانی دور کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔