پاکستان پریمئر فٹبال لیگ: واپڈا کامیاب، سوئی سدرن اور آرمی کے میچ ڈرا

282

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ) 13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان واپڈا کی کامیابی جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے گول کیپر احسان اللہ کو پاکستان آرمی اور ایس ایس جی سی کے میچ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے پرسابق انٹرنیشنل گول کیپر جمشید رانا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ کی جانب سے دس ہزار روپے کی انعامی رقم پیش کی۔ گزشتہ روز میونسپل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان واپڈا نے مسلم کلب چمن کو 0-3 گول سے ہرا دیا۔ دوسرا میچ سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا۔