مسائل زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ مبذول کی جائے گی، نائب چیئرمین واٹر بورڈ

325
کاٹی کے صدر سلمان اسلم،نائب چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نجمی عالم کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پانی کی نکاسی کے سلسلے میں جہاں پر مسائل زیادہ ہوں گے وہاں خصوصی توجہ مبذول کرتے ہوئے نئی لائنیں ضرورت کے مطابق ڈالیں گے، ان خیالات کا اظہار کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے نائب چیئرمین نجمی عالم نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر سلمان اسلم، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، نائب صدر سید فرخ قندھاری، سابق صدور سلیم الزماں، زاہد سعید، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے واٹر اینڈ سیوریج نگہت اعوان سمیت دیگر اراکین و ممبران موجود تھے۔ نائب چیئرمین واٹر بورڈ نجمی عالم نے مزید کہا کہ سیوریج کے نظام میں بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں، باہمی مشاورت سے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کراچی میں آبادی تیزی سے بڑھی ہے جس سے سیوریج کے نظام پر شدید دباؤ بڑھا ہے۔ لیکن مسائل اتنے زیادہ ہیں کہ ان کو حل کرنے میں وقت درکار ہوگا۔ عوام کی جانب سے بھی پانی کے بے دریغ استعمال اور چوری سے مسائل اور گھمبیر ہوتے جارہے ہیں۔ نجمی عالم نے کہاکہ واٹر بورڈ پانی کی دستیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے واٹر بورڈ کے نائب چیئرمین نجمی عالم کو کاٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں مسائل مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہوتے۔