امریکا جوہری معاہدے میں غیرمشروط واپس آئے‘ ایران

175

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے امریکاسے جوہری معاہدے میں بلا مشروط واپسی اور پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید خطبیب زادہ نے تہران میں پریس کانفرنس میں کہا کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں مذاکرات جاری رہیں گے۔ اگر ہم خامیوں کا صحیح طریقے سے تعین نہ کر سکے تو مزید ادوار کو معطل بھی کیا جاسکتا ہے۔ مسئلہ صرف مذاکرات کا آغاز نہیں بلکہ ان سے نتائج حاصل کرنا ہے۔ ہم امریکاسے جوہری معاہدے میں بلا مشروط واپسی کرنے کے خواہاں ہیں۔ ویانا مذاکرات آیندہ چند روز میں دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے پاس جوہری مذاکرات میں وقت ضائع کرنے کی گنجایش نہیں ہے۔ ایران صدر جو بائیڈن کی حکومت کو ٹرمپ انتظامیہ سے مختلف دیکھنا چاہتا ہے۔ ہم جوہری مذاکرات کے جلد اور مثبت نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اعلان کیا تھا کہ تہران مذاکرات میں واپسی کے لیے پیشگی شرائط نہیں رکھے گا۔ واشنگٹن نے انتہائی دباؤ کی پالیسی اپنائی ہے۔ ہم امریکا کے بیانات کو نہیں بلکہ اس کے اقدامات کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد اس بات کی ضمانت حاصل کرنا ہے کہ امریکا دوبارہ جوہری معاہدے سے باہر نہیں جائے گا۔