جب تک موجودہ حکومت رہے گی مہنگائی نہیں رکے گی،شہباز شریف

193

لاہور (نمائندہ جسارت/مانیٹرنگ ڈیسک) ن لیگ کے صدر، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک موجودہ حکومت رہے گی‘ مہنگائی نہیں رکے گی‘ ریاستِ مدینہ میں کوئی رات کو بھوکا نہیں سوتا تھا ‘ سب کے حقوق محفوظ تھے ‘ عمران خان ملک پر بھاری بوجھ بن چکے ‘ ایک کے بعد ایک مِنی بجٹ آرہا ہے‘ عوام پر پیٹرول اور بجلی کے بم گرائے جا رہے ہیں‘ملکی معیشت تباہ کردی۔ پیر کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہجتنے عرصے موجودہ حکومت اقتدار میں رہے گی ملکی معیشت تباہ رہے گی‘ پیٹرول کی قیمتوں کے بڑھنے سے اور زیادہ تباہی کیا ہوسکتی ہے‘ یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے‘ آٹا، چینی اور دال 20 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے کنبے کی پہنچ سے دور ہوچکے ہیں جبکہ یہ حکومت ملک کو تباہی کے دہانے پر لاچکی ہے‘ ریاستِ مدینہ میں کوئی رات کو بھوکا نہیں سوتا تھا اورسب کے حقوق محفوظ تھے لیکن موجودہ حکومت آج ملک پر بھاری بوجھ بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا پیش کیا گیا بجٹ سراسر فراڈ پر مبنی تھا‘ ایک کے بعد ایک مِنی بجٹ آ رہا ہے‘ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل10 سے 12 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے جبکہ بجلی کے بل عوام پر بجلی بن کر گر رہے ہیں۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ، رمضان شوگرملز اورآشیانہ کیسز کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے عدالت میں پیش ہو کر اپنی حاضری لگائی۔