کراچی میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ کی بھر پور تیاریاں ، شہر جگمگا اٹھا

219

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھرکی طرح کراچی سمیت سندھ بھرمیں بھی12ربیع الاول پر جشن میلاد النبی ؐ آج(منگل)کومذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا۔صبح کا آغاز صبح بہاراں سے ہوگا ، مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ طلوع آفتاب سے پہلے صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی،شہر کی فضائیں درود وسلام سے گونجیں گی شہریوں کی بڑی تعداد نیاز کی تقسیم کا اہتمام کرے گی ، جشن میلاد النبی ؐکے حوالے سے شہر بھر سے جلوس برآمد ہونگے ، مرکزی جلوس عید میلاد النبیؐ 3بجے سہ پہرنیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ علامہ شاہ عبد الحق قادری ، حاجی حنیف طیب،مولانا ابرار احمد رحمانی ودیگر علما کی قیادت میں نشتر پارک کیلیے روانہ ہوگا اوربعد نمازعصر نشترپارک میں جلسہ ہو گا،پہلا جلوس دس بجے دن کورنگی سے جماعت اہلسنت کے تحت نکالا جائے گا، ایک بڑا جلوس سنی تحریک کے تحت ثروت اعجاز قادری کی سربراہی میں نکلے گا۔جشن عید میلادالنبی ؐکے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس کی گزر گاہ نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ ، عید گاہ ، لائٹ ہائوس اور بولٹن مارکیٹ تک 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے لیے انسداد دہشت گردی اسکواڈ تعینات ہوگا جبکہ اونچی عمارتوں کی چھتوں پرا سنائپرز کو تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل ا سکواڈ کی تین ٹیمیں جلوس کے روٹ کی سوئیپنگ کریں گی، اس موقع پر ایک ہزار پولیس موبائل تعینات کرنے کا سیکورٹی پلان ہے جبکہ پانچ سو موٹرسائیکل سوار اہلکار گشت کریں گے۔ علامہ شاہ عبد الحق نے کہا ہے کہ جشن میلاد مصطفی کو شا یا ن شان طو ر پر منا نے کی تیا ریا ں مکمل کرلی گئی ہیں، پاکستان مصطفی جانِ رحمت کے چاہنے والوں کی سرزمین ہے ملک کے درودیوار ہمیشہ درودو سلام سے گونجتے رہیں گے،عظمتِ مصطفی کے پر چم کو بلند رکھنے کیلیے لبیک یا رسو ل اللہ کی صداوں میں 12 ربیع الاول میلا د النبی کے جلو سوں اور جلسوں میں بھر پو ر شرکت کریں گے، انہو ں نے واضح کیا کہ غلامان مصطفی کسی دہشت گرد ی ،بدامنی ،خو ف و ہراس سے ہر گز گھبرانے والے نہیں ہیں۔ نبیؐ کے ذکر کو رب العالمین ؐنے بلند کیا ہے ہم رہیں یا نہ رہیں میلا د النبی کا جشن جاری رہے گا۔