ای گریڈ پاس طلبہ سرکاری کالج میں داخلہ نہیں لے سکیں گے

274

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )محکمہ تعلیم کا کارنامہ سامنے آگیا، سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز سے ای گریڈ میں پا س ہونے والے ہزاروں طلبہ پر سرکاری تعلیمی اداروں کے دروازے بند کردیے گئے۔ نئی داخلہ پالیسی کے مطابق میٹرک میںای گریڈ حاصل کرنے والے ہزاروں طلبہ اب سرکاری کالجوں میں داخلے کے اہل نہیں ہوںگے ۔ میٹرک بورڈ کراچی سے جنرل گروپ میں ای گریڈ سے پاس ہونے والے4ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل دائو پر لگ گیا ہے جبکہ رواں ہفتے کراچی میں میٹرک سائنس گروپ کے متوقع نتائج میں ای گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعدادبھی ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے جس کے بعد صرف کراچی میں تقریباً10ہزار سے زائد طلبہ کا سرکاری کالجوں میں داخلے سے محروم رہ جانے کا اندیشہ ہے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں ای گریڈسے پاس ہونے والوں کی ممکنہ تعدادبھی ہزاروںمیں بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری کالجوںمیں نئی داخلہ پالیسی کے مطابق میٹرک میںای گریڈ حاصل کرنے والے ہزاروں طلبہ اب سرکاری کالجوں میں داخلے کے اہل نہیں ہوںگے جس کے باعث ای گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کا مستقبل دائوپر لگ گیا ہے۔محکمہ کالج ایجوکیشن نے تاحال ای گریڈ کے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے کے حوالے سے کوئی پالیسی واضح نہیں کی جس کی وجہ سے طلبہ اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔محکمہ کالج ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق ای گریڈ میں پاس ہونے والے طلبہ سندھ کے کسی بھی سرکاری کالج میں سال اول میں داخلے حاصل کرنے کیلیے نااہل قرار دیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ای گریڈ میں پاس طلبہ بطور پرائیویٹ طالبعلم یا پھر صرف پرائیویٹ کالجز میں داخلہ لیکر اپنی اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بناسکیں گے جو غریب طلبہ پر اضافی بوجھ ہو گا کیونکہ سندھ حکومت نے سرکاری کالجوں کے طلبہ کی رجسٹریشن اور انرولمنٹ کی مد میں رقم کی ادائیگی کی ذمے داری لے رکھی ہے۔