کورونا سے مزید 11 اموات ،وزیراعظم اور آرمی چیف کا این سی او سی کا دورہ

184

اسلام آباد/کراچی(صباح نیوز/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا مثبت کیسز اور اموات میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے39 ہزار 902 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے663 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی‘ اس طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.66 فیصد رہی۔ کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 65 ہزار47 ہوگئی‘ جن میں سے12 لاکھ 10ہزار897 صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں گزشتہ روز کورونا کے مزید11مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہزار 280 ہوگئی ۔ ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 25 ہزار 870 ہے جن میں سے ایک ہزار 913 کی حالت تشویشناک ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کورونا کی روک تھام کے لیے این سی او سی کی کاوشوں کو سراہا۔ این سی اوسی کے مطابق وزیراعظم نے ویکسی نیشن کے لازمی عمل کی تکمیل کے لیے تمام فریقین کو بھرپور اقدامات کی ہدایت کی۔