نبی آخرالزماں محمد ﷺ کا یوم ولادت آج منایا جارہا ہے،قیدیوں کی سزائوں میں کمی کا اعلان

191

اسلام آباد (اے پی پی) حضور نبی پاک خاتم النبیینﷺ حضرت محمد مصطفی ﷺ کا یوم ولادت آج منگل کو انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مرکزی اور صوبائی حکومتوں سطح پر عشرہ رحم للعالمینﷺ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر نجی اور سرکاری سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے اور ان تقریبات کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں حضور نبی پاک ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر نبی کریم ﷺ کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قومی رحمت للعالمینﷺ کانفرنس کا عنوان ’’حضور نبی پاک ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں مساجد ، مدارس ، امام بارگاہوں اور خانقاہوں کا اتحاد کے فروغ کے لیے کردار‘‘ ہے۔ قومی سیرت کانفرنس کی خصوصی نشستوں میں صدر مملکت اور وزیراعظم مہمان خصوصی ہوں گے۔دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور فارن مشنز میں بھی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو ا جاگر کرنے کے لئے سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ 12ربیع الاول کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ نجی سطح پر میلادالنبی کے جلوس نکالے جائیں گے، ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا ، گھر ، گلیاں اور بازار سجائے گئے ہیں۔ 12ربیع الاول کو وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔آپ ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پرا سکولوں ، کالجوں میں یتیموں ، بیوائوں ، بے گھر افراداور خصوصی افراد میں کھانے اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی ۔میلاد النبی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے پر مسرت و مبارک موقع پر پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ ہمیں اللہ تعالی کا شکر بجا لانا چاہیے کہ اس نے حضرت محمد خاتم النبیینﷺ کو مبعوث فرما کر انسانیت پر احسان فرمایا اور ہمیں انکے امتی ہونے کا شرف بخشا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے آپؓ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا ۔ آپؓ کی اطاعت و فرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔حضورﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حضورﷺ نے مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا اور رنگ، نسل ،خاندان ، زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے، موجودہ دور میں بھی امت مسلمہ کو درپیش مسائل بالخصوص معاشرے میں پائے جانے والی انتشار ، نفاق ، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے، حکومت کی پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز کی ایک مثالی فلاحی مملکت بنانے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ علاوہ ازیںوفاقی حکومت نے جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک بھر کی جیلوں میں قید افراد کی سزا میں90روز کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے صوبوں کے سیکرٹریز داخلہ کو سزا معافی کا نوٹیفکیشن بھجوا دیا ہے۔ قتل، غداری، سنگین جرائم میں ملوث افراد کے سوا قیدیوں کو 90 روز کی سزا معافی ملے گی۔