مہنگائی کیخلاف اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا دیا

189
اسلام آباد: ن لیگ کے اراکین اسمبلی پارلیمنٹ کے باہر مہنگائی کیخلاف احتجاج کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) مہنگائی کے خلاف اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا دیا، پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ میں اپوزیشن اراکین اسمبلی نے شرکت کی اور حکومت کی مہنگائی پالیسی پر شدید تنقید کی۔ اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی پر حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ، آٹا مہنگا ، چینی مہنگی ہائے ہائے کے نعرے لگائے گئے ۔ اراکین اسمبلی نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر حکومت مخالف نعرے درج تھے ۔ احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج ہم اس احتجاج کا حصہ بن رہے ہیں حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے ، آٹا چینی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں ملک میں کروڑوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں اور لاکھوں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے لگے ہیں ۔ عوام مہنگائی کی وجہ سے اپنے بچوں کو اسکولوں سے نکال رہے ہیں ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت قیمتوں میں اضافہ واپس لے، یہ وزیراعظم خود کہتا تھا کہ ڈالر مہنگا ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے ،احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی ۔