31اکتوبر کا احتجا ج حکومت مخالف تحریک کا نقطہ آغاز ہوگا، سراج الحق

363

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ 31اکتوبر کو اسلام آباد میں بے روزگار نوجوانوں کا احتجا ج ، حکومت مخالف تحریک کا نقطہ آغاز ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام کا جینا دشوار ہو چکا ، حکومت کی غریب کش پالیسیوں کے خلا ف تحریک کا آغاز کردیاہے، 31اکتوبر کو اسلام آباد میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کولائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ  خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی اور بے روزگاری پاکستان میں ہے ، حکومت نااہل ہے، سوا تین سالوں میں سمت کا تعین نہیں کرسکی،حکومت تمام تر وعدوں اور بلندوبانگ دعوﺅں کے باوجو د مہنگائی اوربے روز گاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے ۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمران اشرافیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے غیر سنجیدہ ہے، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر ہر چیز کی قیمتوں میں اور ٹیکسوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، معیشت کی تباہ کن صورتحال سے ہر شہری پریشان ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے اورزبوں حالی کا شکار تعلیم و صحت کے شعبوں کو سنبھالا دینے کی کوشش نہیں کی گئی، موجودہ حکومت میں وفاقی کابینہ کے سب سے زیادہ اجلاس ہوئے مگر ان اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کہیں نظر آیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  ٹی وی اسکرینوں پر بیٹھ کراعلانات کرنے سے لوگوں کو تحفظ ملے گانہ ان کے مسائل حل ہونگے، حکمرانوں نے آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا دی ہیں۔ حکمران ،نیب اور عدالتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتیں تو آج ملک اربوں ڈالر کا مقروض نہ ہوتا ۔