کراچی: 12ربیع الاول کے جلوسوں کا ٹریفک پلان جاری

169

کراچی ٹریفک پولیس نے کراچی میں ہونے والے عید میلاد النبیﷺ بارہ ربیع الاول کے ایم اے جناح روڈ کے مین جلوس اور شہر کے دیگر جلوسوں اور عام شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے کراچی میں ہونے والے 12 ربیع الاول کے جلوسوں کا ٹریفک پلان جاری کردیا اور 19 اکتوبر بروز منگل کا مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ دعوت اسلامی کا جلوس شہید مسجد کھارادر سے دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا جبکہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد ڈولی کھاتہ پر ختم ہوگا۔

ترجمان  پولیس کا مزید کہناہےکہ دوسرا جلوس میمن مسجد ایم اے جناح روڈ سے آرام باغ مسجد تک جائے گا جبکہ تین بجے تیسرا جلوس میمن مسجد سے نشتر پارک تک جائےگا۔

ٹریفک پولیس نے پلان جاری کرتے ہوئے کہا ہے  کہ جلوس کی گزرگاہوں کو مختلف رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا جائے گا اور یونیورسٹی روڈ سے آنے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ کی جانب موڑا جائے گا جبکہ ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والے متبادل راستہ اختیار کریں۔

خیال رہے لی مارکیٹ، کھارادر اور مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ جانے والے راستے بند ہونگے اور جلوس میں شریک افراد کے لئے خصوصی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

واضح رہے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے 19اکتوبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے تحت مختلف شہروں میں جزوی موبائل سروس بھی معطل رہے گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی  12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے اور ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ منگل کو جلوسوں کے دوران 490 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

ترجمان کے مطابق  مرکزی جلوس بوقت 10 بجے جامع مسجد روڈ سے نکالا جائے گا، جلوس شہر کے مختلف راستوں پل شاہ نذر، بنی چوک، مری روڈ کمیٹی چوک پہنچے گا جبکہ جلوس لیاقت روڈ، فوارہ چوک، ڈنگی کھوئی سے ہوتا ہوا واپس مرکزی کیمپ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ  دوران جلوس مریڑ چوک سے بینظیر بھٹو اسپتال تک عام ٹریفک کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا اوراسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کوچاندنی چوک سے راول روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔