پیپلز پارٹی کی حکومت مزدور مفادمیں کام کر رہی ہے ، سعید غنی

474

نیلاٹ کا 24 ہفتہ کا 60 واں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کی افتتاحی تقریب 11 اکتوبر کو نیلاٹ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر محنت سندھ سعید غنی تھے۔ نیلاٹ کے سابق ڈی جی نورالہادی نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا۔ میڈم غزالہ عارف نے نعت پیش کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیلاٹ غلام سرور اتیرو نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیلاٹ کا پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ ملک بھر میں ایک بہت اچھا کورس ہے۔ اس کورس کو مکمل کرکے طلبا صنعتی اداروں میں انتظامی امور اور ہیومن ریسورس کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلاٹ کی اہمیت کو ILO، وفاقی حکومت اور دیگر صوبے تسلیم کرتے ہیں۔ نیلاٹ مختلف اداروں میں صنعتی تعلقات کے فریقین کو تربیت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم اور تربیت حاصل کرکے ہی طلبا قابلیت اور صلاحیت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی نیلاٹ غلام سرور اتیرو نے جسارت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت میں مزدوروں کی خدمت کے بہت مواقع ہیں۔ ہاری کا بیٹا ہونے کی وجہ سے میں غریبوں کے مسائل کو سمجھتا ہوں۔ مزدوروں کی خدمت کرکے بڑا سکون حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلاٹ میں 13 اسامیاں خالی ہیں۔ نیلاٹ کے قیام کے بعد ادارہ کی تزئین و آرائش ہورہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیلاٹ کی اہمیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی صنعتی ادارے نیلاٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔ اگر کسی کارخانے میں 500 مزدور کام کرتے ہیں تو ایک لیبر آفیسر رکھا جائے گا جو LLB یا نیلاٹ کا ڈپلومہ ہولڈر ہوگا۔
پیپلز لیبر بیورو کے رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ حکومت سندھ نے تمام صوبوں سے زیادہ ریکارڈ لیبر قوانین بنائے ہیں۔ حکومت لیبر قوانین پر عمل بھی کروائے، الماریوں کی زینت نہ بنائے۔ نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے رہنما ناصر منصور نے کہا کہ مالکان مزدوروں کو حقوق فراہم کریں ورنہ GSP پلس کے فائدہ سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ محنت اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتا۔ سیکرٹری لیبر لئیق احمد نے کہا کہ نیلاٹ کو موثر بنائیں گے تا کہ دونوں فریق نیلاٹ سے فائدہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین پر عمل درآمد کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ مہمان خصوصی وزیر محنت سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ میں مزدور مفاد میں کام کررہی ہے۔ حکومت نے مزدور کی تنخواہ 25 ہزار روپے ماہانہ کردی ہے۔تقریب میں مزدور رہنما شفیق غوری، ڈاکٹر سید سعید حامد، حسین علی، ذوالفقار علی ڈھکن، فرحت پروین، زہرہ خان، ذوالفقار شاہ، حاکم علی شاہ بخاری، امجد بخاری، عبدالرزاق میمن اور دیگر شریک تھے۔