کندھکوٹ: میمونہ سومرو کے قاتل 7 روز بعد بھی گرفتار نہ ہوسکے

290

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کندھکوٹ میں 7 روز قبل قتل ہونے والی لڑکی میمونہ سومرو کے قاتل تاحال گرفتار نہ ہوسکے، دھرتی دھنی تحریک کے چیئرمین قادر چانڈیو نے کندھکوٹ پہنچ کر ورثاء سے تعزیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قادر چانڈیو کا کہنا تھا کہ میمونہ سومرو کو بیدردی سے قتل کردیا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ 7 روز گزرنے کے باوجود بھی قاتل آزاد ہیں ہم ظالموں کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ کندھ کوٹ ضلع کشمور میں بیگناہ لوگوں کا قتل عام جاری ہے خاص طور پر خواتین کو مختلف طریقوں سے بہانے بنا کر قتل کردیا جاتا ہے مگر کوئی سننے ولا نہیں ہے۔ وڈیرا اور جاگیردارنہ نظام نے بیگناہ لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔ ان کا مزید کھنا تھا کہ انصاف ملنے تک میمونہ سومرو کے ورثاء کے ساتھ ہیں۔ ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ ایک اچھے اور بہادر پولیس افسر ہیں امید کرتے ہیں کہ وہ تمام ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ورثاء کو انصاف فراہم کریں گے، اگر ورثاء کو انصاف نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔