سنی تحریک ٹنڈوالہیار کی جشن میلاد النبیؐ ریلی، علما و عوام کی شرکت

175

ٹنڈوالہیار (نمائندہ جسارت) 12 ربیع اول کے سلسلے میں پاکستان سنی تحریک ٹنڈوالہیار کی جانب سے میلاد ریلی جشن عید میلادالنبیؐ ضلعی دفتر سے نکالی گئی جوکہ مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لیاقت گیٹ پر ختم ہوئی، میلاد ریلی کی قیادت سنی تحریک کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد حسن عطاری نے کی، ریلی میں مرکزی رہنما التماس صابر، حافظ علی اصغر نقشبندی، حاجی شفیق بلوچ سمیت مقامی علما نے بھرپور شرکت کی، ریلی میں عاشقان رسول نے مرحبا مرحبا کی صداؤں سے فضا کو پرنور کردیا۔ مختلف مقامات پر مقامی رہنماؤں نے جشن ولادت پر روشنی ڈالی اور کارکنان کے لہو کو گرمایا۔ خالد حسن عطاری نے خطاب میں کہا کہ نبیؐ کا جشن ولادت پوری دنیا میں اپنے اپنے انداز میں منایا جاتا ہے اہل ایمان صداؤں سے اپنے نبیؐ کا جشن ولادت مناکر اپنی والہانہ عشق و محبت کا اظہار کرتے ہیں اور اہل ایمان کا یہ عمل اللہ کے نزدیک بھی پسندیدہ عمل ہے جو مومنوں کے لیے دنیا اور آخرت میں کامیابی کا نوید سناتی ہیں، عاشقان مصطفی کو چاہیے کہ وہ تعلیماتِ نبویؐ پر مکمل عمل پیرا ہونے کے عزم کو مزید پختہ کریں۔