سکھر: جماعت اسلامی کے تحت مدنی مسجد میں سیرت النبیؐ کانفرنس

373

سکھر (نمائندہ جسارت) مدنی مسجد گوٹھ گل بیگ گڈانی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو تھے جبکہ پروفیسر سعید احمد دھامرہ، مولانا محمد یوسف مزاری، نائب امیر جماعت گھوٹکی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، مقررین نے خطاب میں آقائے دو جہاں حضرت محمدؐ کی سیرت پاک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش مشکلات و مصائب کی موجودہ صورتحال میں وطن عزیز کو صرف اور صرف اسلامی قانون، نظام شریعت محمدی کے نفاذ ہی سے حل کیا جاسکتا ہے اور ملکی استحکام و ترقی اسلامی نظام سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت العالمینؐ کی ولادت با سعادت کے اس ماہ کا یہی پیغام ہے کہ اگر ملک سے غربت، بدامنی، ظلم و ستم، ناانصافی، والدین کی نافرمانی کی وبا و دیگر برائیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو پھر نظام مصطفیٰ کا ہی عملی نفاذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آ ج قوم پریشان حال و بے بسی کا شکار ہے، بھوک، غربت، مہنگائی، افلاس کی چکی میں پس رہی ہے، خطرناک مہنگائی نے لوگوں کا جینا اجیرن بنا دیا ہے، ضرورت ہے کہ جماعت اسلامی کا پیغام جو کہ قرآن و حدیث کا پیغام ہے ملک کے گھر گھر تک پہنچایا جائے تاکہ ان لٹیروں سے قوم کو نجات ملک سکے اور دیانتدار اہل محب وطن و محب عوام قیادت برسر اقتدار آئے، مقررین نے کہا کہ ہم بہت بڑے خوشنصیب ہیں کہ ہم نبی مہربانؐ کے امتی ہیں، قبل ازیں مہمانان نے بانی مدنی مسجد اور نامور ادیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ضلع گھوٹکی سردار احمد “تبسم” گڈانی سے ملاقات کی اور علم و ادب اور سیرت کے پروگرامات پر بات چیت کی۔