انٹرکلب ہاکی، الصغیر کلب کی 11گول سے فتح

280

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چمپین شپ کے دوسرے روز الصغیر کلب، کراچی کنگز کلب، نیشنل کلب نے اپنے میچ جیت لیے تاہم سینٹرل کمبائنڈ اور ناظم اباد مجاہد کلب کے درمیان کھیلا گیا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، نیشنل کلب کے ارسلان حیدر نے چمپئن شپ میں دوسرے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ الصغیر کلب نے مخالف کو11 گول سے ہرادیا، تفصیلات کے مطابق کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں جاری انٹر کلب ہاکی چمپئن شپ کے دوسرے روز کھیلے جانے والا ایونٹ کا چوتھا میچ الصغیر کلب اور ایئرپورٹ ایچ سی کے درمیان کھلا گیا۔ میچ کے اغاز سے ہی الصغیر کلب کے تجربہ کار کھلاڑیوں نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جس کے باعت ایئرپورٹ کلب کھیل کے تمام شعبوں میں ناکام ہوگیا، فاتح ٹیم نے حمزہ محسن کے چار، آشر احمد کے تین، سمیر سلیم، عارف حنیف، ارسلان منیر اور سلمان خورشید کے ایک ایک گول کے باعث مخالف کو صفر کے مقابلے میں 11 گول سے روند ڈالا، مخالف ٹیم اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی، چمپئن شپ کے پانچویں میچ میں کراچی کنگز نے بدرالدین ایچ سی کو 0-6 سے شکست دیدی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-2 صفر کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں بدرالدین ایچ سی کے کمزور ڈیفنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کراچی کنگز نے یکے بعد دیگرے چار گول کرکے اپنی برتری 0-6 سے مستحکم کرلی، فاتح ٹیم کے واجد حسین، ریحان خان، صمد خان، روحان خان، وقاص خان اور عیسی خان نے ایک ایک بار گیند کو مخالف کے گول پوسٹ میں پھینک کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، سینٹرل کمبائنڈ اور ناظم اباد مجاہد کے درمیان کھیلا جانے والا چمپئن شپ کا پانچواں میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔