عالمی استعمار تحفظ ختم نبوت کے قوانین بدلنا چاہتا ہے،فضل الرحمن

189

فیصل آباد (آن لائن) جمعیت علما اسلام پاکستان کے امیر، صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اس وقت عالمی استعمار چاہتا ہے کہ 1973ء کے متفقہ آئین میں قادیانیوں کو جو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا ہے یہ قوانین اور آرٹیکلز ختم کرائے جائیں‘ عالمی استعمار اس ناپاک سازش میں لگا ہوا ہے‘ ایسے حالات میں صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے والد کی تحریک تحفظ ختم نبوت اور مولانا محمد ضیاء القاسمی ؒسے متعلق کتاب تالیف کرکے تحفظ ختم نبوت کے کام میں اپنا حصہ شامل کیا ہے یہ کتاب وقت کی ضرورت تھی۔ جامعہ قاسمیہ آمد پر مولانا فضل الرحمن کا اہلیان شہر اور جامعہ کے طلبہ نے فقید المثال استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد ضیا القاسمی ؒ نے اپنے تمام اکابرین اور اسلاف کے ساتھ مل کر نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر فتنہء قادیانیت کی سرکوبی اور تحفظ ختم نبوت کے سلسلے میں اپنے آپ کو وقف کررکھا تھا۔