بلوچستان سیاسی بحران ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی تحریک عدم اعتماد میں تعاون سے معذرت

541

کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان میں سیاسی بحران برقرار، بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان نے تحریک عدم اعتماد اور نئی حکومت کی تشکیل کے لیے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سے مدد مانگ لی تاہم ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تعاون سے معذرت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم مرکزی سینٹرل کمیٹی کے فیصلے کے پابندہیں۔گزشتہ روزبلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان کے وفد نے بانی سینیٹرسعید احمد ہاشمی کی قیادت میںہزارہ ڈیموکرٹیک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجو، قائم مقام صدر بی اے پی میرظہوراحمدبلیدی ،سردارصالح بھوتانی ، محمدخان لہڑی ،میرعبدالرئوف رند،میر اعجاز سنجرانی جبکہ ہزارہ ڈیموکرٹیک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ ،قادر علی نائل ،سیکرٹری جنرل احمدعلی ودیگر بھی موجود تھے۔ ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تعاون کی درخواست کردی،جس پرہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے تعاون سے معذرت کرلی۔ چیئرمین ایچ ڈی پی عبدالخالق ہزارہ نے وفد کو بتایاکہ وہ پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے فیصلے کے پابند ہے لہٰذا وہ تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بن سکتے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، میر ظہور احمد بلیدی کے رابطے پر ہم نے ملاقات کی، ہم نے ناراض ارکان کے سامنے اپنا موقف کھل کررکھاہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت میں شمولیت سے متعلق فیصلہ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کرتی ہے، جام کمال کی حمایت ہم نے پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میںکیاہے لہٰذا ہم جام کمال کے خلاف نہیں جاسکتے،ہماری جماعت کی اپنی شناخت ہے۔اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر میرظہور بلیدی نے کہاکہ بی اے پی کے ارکان کا ایچ ڈی پی کے رہنمائوں سے ملاقات ہوئی ،ہم نے انہیں 20اکتوبر کو جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں تعاون کی اپیل کی ہے ،امید ہے کہ وہ اس سلسلے میں مثبت جواب دیںگے۔علاوہ ازیں بلوچستان اسمبلی کااجلاس بدھ کو ہوگا ،جس میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ۔