ڈاکٹر عبدالقدیر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

326

پاکستان تحریک انصاف نیشنل باڈی چیپٹر کے سیکرٹریز کی جانب سے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں سفیر پاکستان بلال اکبر سمیت پارٹی کارکنوں اور کمیونٹی اکابرین نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض یوتھ کے سیکرٹری راجہ گل زیب کیانی نے انجام دیتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسی شخصیات قوموں کا اصل سرمایہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے ملک وقوم کو مضبوط اور عظیم تر بنانے کے لیے جرات مندانہ جدوجہد کی جو کہ ناقابل فراموش ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب کے یوتھ سیکرٹری راجہ گل زیب کیانی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جس پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔ سعودی عرب چیپٹر کے صدر مفتی بھٹہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قوم کا درد رکھنے والے عظیم انسان تھے۔ پی ٹی آئی لیبر افیئرز کے سیکرٹری طلعت محمود نے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نقش قدم پر چل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں۔ تقریب سے شکیل کیانی، حافظ عبدالوحید، نزاکت گجر، ارشد سیال، ارشد تبسّم، عبدالمالک مجاہد اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سردار سکندر حیات خان اور عمرشریف مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔