ڈاکٹر عبدالقدیر نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا،مقررین

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملک کو ناقابل تسخیر قلعہ بنادیا، ایٹمی قوت بنا کر انہوں نے عظیم کارنامہ انجام دیا، ان کی خدمات کی وجہ سے ہم عالمی برادری میں سراٹھا کر جینے کے قابل ہوئے۔ انہوں نے ایٹم بم بنا کر پاکستان کے ابدی دشمن بھارت کے دانت کھٹے کردیے اور پاک فوج کے حوصلوں کو بہت بلند کیا۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی میں ادارہ علم دوست پاکستان کے زیر اہتمام پروگرام’’عقیدت کے پھول‘‘ میں کیا۔ اس پروگرام میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے تعاون کیا تھا۔ پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں سینئر صحافی مبشر میر، مصنف، صحافی عطا محمد تبسم، شاعرہ گلنار آفرین ودیگرنے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایثار ، قربانی ، حب الوطنی اور شاعر مشرق کے خوابوں کی عملی تعبیر ہیں۔ وہ نہ صرف نامور ایٹمی سائنسدان تھے بلکہ کالم نویس، علم دوست اور سماجی شخصیت بھی تھے۔