نظام حجاب قائم کرنے سے نسلوں کا تحفظ ہوگا، ذکیہ ملک

291

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) خاتون ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ذکیہ ملک نے کہا ہے کہ نظام حجاب قائم کرنے میں ہی نسلوں کا تحفظ ممکن ہے ، اگر ہم موجودہ پُرفتن دور میں بحیثیت ماں اپنی ذمے داریوں سے غافل ہوئے تو اس کے بھیانک نتائج معاشرے کو تباہ کردیں گے۔اس بات کااظہار انہوں نے جے آئی یوتھ ضلع وسطی کے تحت ہونے والے یوتھ کنونشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے انہوں نے حجاب اختیار کیا ہے ، ان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یوتھ کو پیغام دیا کہ وہ جس پیشے سے بھی تعلق رکھتی ہوں حیا و حجاب کی راہ کو کبھی نہ چھوڑیں۔ناظمہ ضلع وسطی مسرت جنید نے کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نوجوانوں کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس کے حل کے لیے قرآن و سیرت سے رہنمائی لینی ہوگی ، صراط مستقیم پر قائم رہنے کے لیے صالح اجتماعیت سے بڑی کوئی نعمت نہیں۔ کنونشن میں حجاب اختیار کرنے والی طالبات سے تاثرات بھی لیے گئے ،اس کے علاوہ ورکشاپ ،حجاب کوئز ، دستاویزی فلم ، بک اسٹال اورحجاب اسٹال بھی لگائے گئے۔یوتھ ٹرینر اور معتمدہ ضلع وسطی مدیحہ عزیز نے حیاکے موضوع پر ورکشاپ کراتے ہوئے کہا کہ حیا کا براہ راست تعلق مومن کے ایمان سے ہے، اسی لیے شیطانی تہذیب کا ہر وار اسی کے خلاف ہوتاہے۔ یوتھ کنونشن میں لڑکیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔