مقبوضہ کشمیر میں مزید 4 کشمیری شہید، حملوں میں 2 اہلکار ہلاک

412

سر ینگر ( آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، پونچھ سیکٹر میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 4 کشمیریوں شہید کردیا۔ شہادتوں کے بعد وادی میں ماحول کشیدہ ہو گیا۔ ادھر بھارتی فوج پر نا معلوم افراد کے حملے میں مزید 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ جس کے ساتھ ہی گزشتہ ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔ واقعہ کے بعد بھارتی فورسز کی بھاری نفری کو علاقے میں طلب کرکے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔جموں میں قائم فضائی اڈوں سمیت اہم تنصیبات کو ڈرون حملوں سے بچانے کے لیے فضائی اسٹیشنوں پر انسداد ڈرون فورس، نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی)فورس تعینات بھی کی گئی ہے۔ بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر سے 3 افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ دریں اثناگزشتہ شام سرینگر اور پلوامہ میں نامعلوم مسلح افرادکے ہاتھوں 2 غیر کشمیریوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے واقعات پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت نے فوجیوں کو کسی بھی شخص کو گرفتار ، اس پر تشدد اور اسکے خلاف مقدمہ درج کرنے کے پولیس اختیارات سے لیس کر دیا ہے جو عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عوام کی مرضی کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔