پیپلزپارٹی جلسہ: پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے

490

کراچی: پیپلز پارٹی کا کراچی کے باغ جناح میں آج ہونے والے جلسے کے حوالے سے پولیس نے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی جلسے کے لئے آنے والے قافلوں اور پارکنگ کیلیے پلان مرتب کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کا کراچی کے باغ جناح میں جلسہ آج ہوگا جس کے لیے پنڈال سجا دیا گیا ہے اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلسے کے دوران ڈیوٹی پر 4 ہزار 111 افسر و اہل کار تعینات ہونگے اور ضلع ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ سمیت ایس ایس یو کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

پولیس  حکام نے مزید کہا کہ سیکیورٹی پر 211 پولیس موبائلیں اور 34 موٹر سائیکلیں بھی ڈیوٹی پر مامور ہونگی اس کے علاوہ جلسے کی سیکیورٹی کا جائزہ 31 ایس ایس پی اور ایس پیز لیں گے جبکہ 102 خواتین پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہونگی۔

دوسری جانب  کراچی کے باغ جناح میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے میں شرکت کے لئے  شہر کے مختلف علاقوں اور دیگر شہروں سے آنے والے کارکنوں کے لئے 4 مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے اور شرکاء کی رہنمائی کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ پی پی پی کے رضاکار بھی  موجود ہیں۔

ٹریفک پولیس نے باغ جناح میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے کے لئے پلان مرتب کردیا ہے جس کے مطابق ضلع غربی سے آنے والے کارکنان کے قافلے نمائش چورنگی پر واقع تائی کراٹے گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے جس کے لئے گولیمار سے پولیس ہیڈ کوارٹر وہاں سے ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش کا راستہ اختیار کرینگے۔

ضلع جنوبی کے قافلے ایم اے جناح روڈ یعنی کہ بندر روڈ سے سیدھا تائی کراٹے گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے جبکہ ضلع شرقی، کورنگی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھر پارکر سے آنے والے کارکنوں کے قافلے کشمیر روڈ پر واقع چائنہ گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے۔

ضلع ملیر سے آنے والے قافلے براستہ یونیورسٹی روڈ اور پیپلز سیکریٹیریٹ سے نیو پریڈی اسٹریٹ پر پارکنگ کرینگے جبکہ ضلع وسطی کے قافلے جگر مراد آبادی روڈ پر گاڑیاں پارک کرینگے جو کہ گرومندر سے مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ روڈ سے ہوکر پارکنگ پہنچیں گے۔

اسی طرح سپر ہائی وے سے شہر میں داخل ہونے والے کارکنوں کے قافلے جگر مراد آبادی روڈ پر گاڑیاں پارک کرینگے جس کے لئے لیاری ایکسپریس وے سے حسن اسکوائر اور پھر پرانی سبزی منڈی کا راستہ اختیار کرکے پارکنگ تک پہنچا جاسکتا ہے۔