چوروں پر مشتمل ٹولا ملک کو تباہ کررہاہے، امیر جماعت اسلامی کراچی

401
جماعت اسلامی کا ”حقوق کراچی کارواں“ 20مارچ سے شروع  کرنے کا اعلان

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ چوروں پر مشتمل ٹولا ملک کو تباہ کررہاہے، عوام پر مسلسل پیٹرول بم گرائے جارہے ہیں۔

مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  آٹا اور چینی مافیا قوم پر مسلط کردیا گیا ہے،عوام پر ٹیکس پر ٹیکس لگا کر جینا دوبھر کردیا ہے، حکمران عوام کو چینی اور آٹا کی مقدار کم استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنی عیاشیوں کو بڑھانے کے لیے عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر حکمرانوں کی نااہلی ، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور ظالمانہ اضافے اوردیگر اشیاءکی قیمتوں سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں بیت المکرم مسجد تا حسن اسکوائر ،گلشن اقبال مین یونیورسٹی روڈ پر ”عوامی احتجاجی مارچ“ منعقد ہوا۔

مارچ میں شہر بھر سے مہنگائی و بے روزگاری اور حکومت کے ستائے ہوئے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہنگائی ، حکمرانوں کی نااہلی اور ناقص کاکردگی پر نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،تیز ہو تیز جدوجہد تیز ہو ،انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب ،جب پیٹرول مہنگا ہوجائے تو وزیر اعظم چور، جب آٹا مہنگا ہوجائے تو وزیر اعظم چور،جب چینی مہنگی ہوجائے تو وزیر اعظم چور،چینی مہنگی ہائے ہائے ،آٹا مہنگا ہائے ہائے ،جلنے دوجلنے دو غریب کا چولہا جلنے دو ،ظالموں سے اقتدار چھین لو چھین لو کے نعرے لگائے  گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ آج عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 80ڈالر فی بیرل ہے اس کے باوجود ہمارے ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہاہے، جب عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی جاتی ؟

انہوں نےمزید کہا کہ 3سال میں 81سو ارب وصول کرنے کے بعدصرف80بسیں لاکر کراچی کے شہریوں کو خیرا ت نہیں بلکہ کراچی کو اس کا حق دیا جائے ،جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو حقوق کی جدوجہد کے لیے اکٹھا کیا ہے اور زبردست تحریک چلائی ہے ،اپوزیشن راہ نمامہنگائی کے خلاف بات کیوں نہیں کرتے ، تمام سیاسی کارکن اپنی قیادت سے سوال کریں کہ وہ مہنگائی کے خلاف بات کیوں نہیں کرتے ۔