عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں کیلیے ہر طرح کے انتظامات کیے جائیں، وزیراعلیٰ

324

کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی ڈویژنل انتظامیہ اور سندھ پولیس کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید میلاد النبیؐ منانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں علمائے کرام کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ چاہتا ہوں کہ شہر صاف ستھرا رہے اور عید میلادالنبی ؐ کے جلوسوں کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔

آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے علماء، علمائے کرام کے ساتھ مختلف اجلاس منعقد کرچکے ہیں جبکہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی نے بتایا کہ وہ بھی علمائے کرام ور ان کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کرچکے ہیں اور ان کی تجاویز سے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی استرکاری اور نالوں کی مرمت کی گئی ہے۔

اجلاس میں شرکت کرنے والے علمائے کرام میں مفتی منیب الرحمن ، مفتی محمد جان نعیمی ، حاجی حنیف طیب ، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور ، مولانا محمد یعقوب عطاری ، مفتی عبدالوہاب ، ثروت اعجاز قادری ، علامہ لیاقت اظہری ، حنیف رفیق پردیسی اور علامہ اکبر درس شامل تھے۔

علمائے کرام نے وزیراعلیٰ سندھ کو تجاویز پیش کیں وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ 20 اکتوبر کے بعد وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں محفل میلاد کا اہتمام کریں گے جس میں مذہبی اسکالرز کو مدعو کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ بھر میں 1230 میلاد محفلیں اور 1127 جلوس نکالے جائیں گے اور ان کے حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور انھیں تمام ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

خیال رہے  اجلاس میں صوبائی وزرا سعید غنی ، ناصر حسین شاہ ، فیاض بٹ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ مرتضیٰ وہاب ، آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز ، کمشنر کراچی اقبال میمن ، ایڈیشنل آئی جی کراچی یعقوب منہاس، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری فیاض جتوئی، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ، ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی زبیر چنا نے شرکت کی۔