‘پیٹرول کی قیمت میں اضافہ # سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا’

308

اسلام آباد: حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جبکہ عمران خان کے ماضی کے بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

تفصیلات کے مطابق ٹرینڈ کا استعمال کرتے ہوئے کچھ صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں تو کچھ حکومت پر طنز کے تیر چلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کسی نے وزیراعظم سے گھبرانے کی اجازت مانگی تو کسی نے خان کو نئے پاکستان کی مبارک باد دے ڈالی ہے۔

سوشل میڈیا پر کسی نے کہا کہ خان صاحب بار بار دستخط کرنے سے سیاہی ضائع ہوتی ہے، ایک ہی بار دستخط کر دیں۔

دوسری جانب پیٹرول کی زائد قیمتوں سے متعلق عمران خان کے ماضی کے بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں۔

عمران خان کا ماضی میں ن لیگ کے دورِ حکومت میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر کہنا تھا کہ جب عوام پر ٹیکس لگاتے ہیں تو غربت بڑھ جاتی ہے، عوام پر جتنا ٹیکس لگتا ہے قوم اتنی ہی غریب ہوتی ہے۔

واضح رہے وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے اور اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137روپے79 پیسے ہوگئی ہے۔