بلین ٹری منصوبہ: بلوچستان میں کاغذی درخت لگانے کا انکشاف

226

اسلام آباد (آن لائن) حکومت کے بلین ٹری سونامی منصوبے کا بھانڈا پھوٹ گیا، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کیلیے صرف 60 لاکھ درخت رکھے گئے، 60 لاکھ درخت کہاں کہاں لگائے گئے وزارت پلاننگ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو تفصیلات بتانے میں ناکام، کمیٹی میں انکشاف ہوا کہ بلوچستان میں صرف کاغذی درخت لگائے گئے ہیں، چیئرمین کمیٹی سلیم
مانڈوی والا نے پلاننگ کمیشن سے بلوچستان میں شجر کاری کی تفصیلات اور تمام صوبوں میں بلین ٹری منصوبے کی تفصیلات طلب کرلیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے پی ایس ڈی پی پر بریفنگ دی گئی، پلاننگ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت 1155 منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، 710 پہلے اور 445 نئے منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل ہیں، پہلے سے جاری منصوبوں کیلیے 7278 ارب روپے ہے رکھے گئے ہیں نئے 445 منصوبوں کیلیے 2144 ارب روپے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ کچھ منصوبے عرصے سے پڑے ہیں ان پر کام کیوں نہیں ہورہا؟ کمیٹی نے پی ایس ڈی پی کے تحت تمام منصوبوں کا ریکارڈ مانگ لیا، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ پہلے سے جاری نئے منصوبوں کی مکمل تفصیلات کہاں ہیں؟ پلاننگ حکام کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تفصیلات کمیٹی کو فراہم کردیں گے۔