حکومتی اصلاحات کی بدولت مالی خسارہ کم ہوا‘وزیر خزانہ

175

واشنگٹن(صباح نیوز)وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومتی اصلاحات سے مالیاتی اور حسابات جاریہ کا خسارہ کم اور ٹیکس محاصل میں اضافہ ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی سفارتخانے میں ملکی معیشت پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹیکس وصولی میں اضافہ اور ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنا حکومت کے مالیاتی ایجنڈے کے اہم
اہداف ہیں۔انہوں نے زراعت کو جدید خطوط پراستوار کرنے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعت جیسے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں برآمدات میں اضافے کے لیے نہایت اہم قراردیا۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت24خصوصی اقتصادی زون قائم کیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو خود کفیل اور خوشحال بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں، حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لیے پرعزم ہے، خاص کر ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو بڑھانے اور مارکیٹ کی مسابقت کے ذریعے برآمدات بڑھانا شامل ہیں۔