بفرزون میں شراب خانے کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

154

کراچی(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہہ حسن نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کے عوام کاپانی چھیننے والے، ٹوٹی سڑکیں،بہتے گٹردینے والے حکمران شراب خانوں کے لائسنس جاری کر کے شراب عام کررہے ہیں۔جماعت اسلامی معاشرے میں منکرات کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی، بدی کو روکنے کے لیے اللہ کا یہی حکم ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے نماز جمعہ کے بعدسیکٹر 16Bبفرزون گبول ٹاؤن تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرے سے
خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرین میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ بفرزون کے عوام بھی شریک تھے۔مظاہرین نے شراب خانہ کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے اور شراب خانہ نا منظور کے نعرے بھی لگائے۔ جماعت اسلامی متذکرہ دوشراب خانوں کے خلاف ہفتہ بھر سے عوامی مہم چلا رہی ہے جس میں عوام شراب خانوں کے خلاف شدید غصہ کا اظہار کر رہی ہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید وجیہہ حسن نے کہا کہ اپنی نسلوں کے تحفظ کے لیے ایسی ہر برائی کے خلاف ہمیں اتنی پرزور آواز بلند کرنی ہوگی کہ حکمرانوں کو ایسے عمل سے باز رکھاجا سکے۔ یہ احتجاجی مظاہرے عوام کا واضح جواب ہیںکہ کسی بہانے سے بھی شراب خانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم آباد ی میں شراب خانے کے لائسنس کو فوری منسوخ کیا جائے۔