گریٹر اقبال پارک کیس‘ ریمبو14روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

275

لاہور(نمائندہ جسارت) مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم بدتمیزی کیس میں ریمبو سمیت11ملزمان کو 14روز ہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔لاہور کی ضلع کچہری کے جج حافظ خالد محمود نے ریمبو سمیت 11ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی سماعت کی۔ ٹک ٹاکر
عائشہ اکرم کے ساتھی ریمبو سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے، ملزمان کا 7روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے جبکہ ملزمان کے مزید2 ساتھیوں کی گرفتاری ہونی ہے۔ملزمان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے کسی قسم کی ریکوری نہیں ہونی، ٹک ٹاکر خاتون نے پہلے بیان دیا کہ یہ لوگ میرے محافظ ہیں، بعد میں اس نے ملزمان کے بلیک میل کرنے کا بیان دیا۔عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔گریٹراقبال پارک واقعہ کے کرداروں ریمبو اور عائشہ اکرام کی ایک اورمبینہ آڈیوسامنے آگئی ہے جس میں ہوشربا انکشاف ہوا ہے کہ ریمبو اصرار کر کے عائشہ کو مینار پاکستان بلاتا تھا۔