مراد علی شاہ کی باغ جناح آمد‘ جلسے کے انتظامات کا جائزہ

213

کراچی(نمائندہ جسارت)باغ جناح کراچی میں 17 اکتوبرکو ہونے والے پیپلزپارٹی کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب،پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقار مہدی، سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات آصف خان ودیگر باغ جناح پہنچے۔وزیر اعلیٰ
سندھ نے 17 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے باغ جناح میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سعید غنی اوروقار مہدی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو جلسے کی تیاریوں،سیکورٹی اور ٹریفک پلان سمیت دیگرامورپر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے جلسہ گاہ میں اسٹیج پر جاکر صورتحال کا جائزہ لیا اور جلسہ گاہ میں کی جانے والی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 17 اکتوبر کا جلسہ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا اوریہ موجودہ نالائق حکمرانوں کے لیے نوشہ دیوار ثابت ہوگا۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ جلسہ گاہ میں سندھ بھر سے آنے والے شرکا کے لیے تمام ترسہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔