عمرکوٹ، حروں اور کلوئی برادری میں پلاٹ کا تنازع شدید ہوگیا

338

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) عمرکوٹ میں مسجد تعمیر کرنے پر حر جماعت کے مریدوں اور کلوئی برادری کے درمیان پلاٹ کا تنازع شدت اختیار کرگیا، تصادم کا خطرہ، رتنور روڈ پر کلوئی کالونی میں کلوئی برادری کی جانب سے خالی پلاٹ پر مسجد تعمیر کرنے کی کوشش کی گئی، جسے حر جماعت کے مریدوں نے پلاٹ پیر پگارا کی زیارت گاہ کا کہہ کر تعمیر رکوا دی جبکہ پیر پگارا کی زیارتگاہ تقریباً ایک کلو میٹر دور روڈ کے دوسری جانب ہے جس پر کلوئی برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں سمیت کلوئی برادری سے تعلق رکھنے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کلوئی برادری کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے آبائو اجداد کی زمین ہے، ہماری کالونی 60 سال سے قائم ہے اور کچی آبادی میں رجسٹرڈ ہونے کے باوجود حر جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد ہمیں آئے روز دھمکیاں دیتے ہیں، ہم نے کالونی کے خالی پلاٹ پر مسجد کی تعمیر شروع کی تو حر جماعت سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے مسجد کی تعمیر رکوا کر اسلحہ کے زور پر مسجد کے لیے گیا میٹریل، اینٹیں، سریا، سیمنٹ اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئے، ہمیں اور ہمارے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ ہم وزیر اعلیٰ سندھ پیر پگارا سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔